بنگلورو 15؍نومبر (ایس او نیوز) دبئی کے معروف روزنامہ خلیج ٹائمز میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مالیاتی بدعنوانی اور فراڈ کے الزامات میں پھنسے مشہور تاجر بی آر شیٹی کو بنگلورو ایئر پورٹ پر عین اس وقت روک لیا گیا جب سنیچر کو وہ اتحاد ایئر ویز کے طیارے سے دبئی کے لئے پرواز کرنے والے تھے۔
یاد رہے کہ ساحلی کرناٹکا کے اُڈپی سے تعلق رکھنے والے بی آر شیٹی نے امارات اور خلیج کے دوسرے مقامات کے علاوہ لند ن میں بھی این ایم سی ہیلتھ، فنابلر اور ٹراویلیکس ہولڈنگس نامی کمپنیوں کے ساتھ اپنی ایک بڑی تجاتی سلطنت قائم کررکھی تھی اور انہوں نے تجارتی دنیا میں ایک ارب پتی کی حیثیت سے اپنی شناخت بنالی تھی۔ لیکن پچھلے چند ماہ قبل وہ اچانک دبئی سے ہندوستان لوٹ آئے تھے اور اس کے بعد ان کی کمپنیوں پر امارات کے بڑے بینکوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے اوراس بنیاد پر اثاثوں سے زیادہ قرضہ حاصل کرکے خلیج سے فرار ہونے کا الزام لگا تھا۔ جس کی تحقیقات فی الحال چل رہی ہے۔
اسی دوران بعض ہندوستانی بینکوں کے ایک گروہ (کنسورٹیم) نے بھی بی آر شیٹی کی طرف سے بقایاجات وصول کرنے کے مقصد سے ان کے ملک سے باہر جانے پر پابندیاں لگانے کے لئے اقدامات شروع کردئے تھے۔ بینکوں کے اس کنسورٹیم میں بینک آف بروڈا بھی شامل ہےجس کا دعویٰ ہے کہ بی آر شیٹی پر 250 ملین ڈالرز کا قرضہ واجب الادا ہے۔اس کے علاوہ فیڈرل بینک سمیت دیگر کئی ہندوستانی بینکوں کے ساتھ بی آر شیٹی کی کمپنیوں کے لین دین کے مسائل ہیں۔جس کی وجہ سے ہندوستانی عدالت کی طرف سے بی آر شیٹی کے ملک چھوڑ کر باہر جانےپر پابندی لگی ہوئی ہے۔
دوسری طرف اگر امارات کی بات کی جائے تو وہاں کے بینکوں نے بھی بی آر شیٹی کی کمپنیوں کی طرف سے دستاویزات میں ہیر پھیر کے ساتھ اربوں درہم کا قرضہ لینے اور پھر اس کو واپس نہ لوٹانے کا الزام لگایا ہے۔ خود بی آر شیٹی نے ہندوستانی سراغ رساں ایجنسی سے اس مالیاتی فراڈ کی تحقیقات کروانے کے لئے جو شکایت درج کروائی ہے اس کے مطابق ان کی’’ کمپنی کچھ سابق سینئرعہدیداران او ر بینکوں کے افسران کی ملی بھگت سے کی گئی 6.6بلین ڈلرز کی مالیاتی گھپلے بازی کا وہ شکار ہوئے ہیں۔‘‘ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کمپنیوں کے عہدیداروں کے ذریعے کی گئی اس جعلسازی اور گھپلے بازی کی گہرائی کے ساتھ جانچ کروانا چاہتے ہیں اور چونکہ انہیں امارات کے نظام عدل پر پورا بھروسہ ہے اس لئے وہ دوبارہ لوٹ کر وہاں جانا اور معاملات کو سلجھانا چاہتے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ بی آر شیٹی کو توان پر لگی ہوئی سفری پابندیوں کی وجہ سے ایئر پور ٹ پر ہی روک لیا گیا، لیکن ان کی بیوی ڈاکٹر چندرا کماری شیٹی کو ابو ظہبی کے لئے پرواز کرنے کی اجازت دی گئی۔